ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اتر پردیش کے غازی آباد میں سڑک حادثہ، اسکول بس اور کار کے درمیان ٹکر، 6 افراد جاں بحق

اتر پردیش کے غازی آباد میں سڑک حادثہ، اسکول بس اور کار کے درمیان ٹکر، 6 افراد جاں بحق

Tue, 11 Jul 2023 11:56:43    S.O. News Service

غازی آباد ، 11/جولائی (ایس او نیوز/ایجنسی) اتر پردیش کے غازی آباد میں دہلی-میرٹھ ایکسپریس پر بڑا حادثہ پیش آیا ہے۔ یہاں پر کراسنگ ریپبلک تھانہ علاقہ میں راہل وہار کے سامنے اسکول بس اور کار کے درمیان زبردست ٹکر ہوگئی۔ حادثے میں کار مکمل طور پر تباہ ہوگئی اور اس میں سوار 6 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ فی الحال پولس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ حادثے کی وجوہات کا پتہ نہیں چل پایا ہے۔

معلومات کے مطابق صبح جب اسکول بس غلط سمت سے آرہی تھی تو کار سے ٹکرا گئی۔ اسکول بس میں کوئی اسکولی بچہ سوار نہیں تھا۔ اس میں صرف ڈرائیور تھا۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے غازی آباد ضلع میں سڑک حادثے میں جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے مرنے والوں کی روح کے سکون کی خواہش کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے ضلعی انتظامیہ کے افسران کو فوری طور پر موقع پر پہنچنے اور زخمیوں کو مناسب علاج کے لیے اسپتال لے جانے کی ہدایت کی ہے۔ زخمیوں کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی ہے۔

اس سے پہلے کل رات یوپی کے پرتاپ گڑھ میں بھی ایک حادثہ ہو چکا ہے۔ یہاں ایک ٹیمپو اور ٹینکر کے درمیان ٹکر میں 12 افراد کی موت ہو گئی تھی، جبکہ حادثے میں 5 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ فی الحال، پولیس نے کیس درج کرلیا ہے اور حادثے کی وجوہات کی جانچ کی جارہی ہے۔

معلومات کے مطابق، یو پی کے پرتاپ گڑھ کے لیلاپور تھانہ کے وکرم پور موڑ کے پاس یہ واقعہ پیش آیا ہے۔ دونوں گاڑیاں آپس میں ٹکراگئی ہیں۔ حادثے میں مارے گئے 10 افراد کی پویس نے شناخت کرلی ہے۔ مہلوکین میں7 مرد، دو خواتین، ایک بچی کی پولیس نے شناخت کی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ سڑک حادثے میں دو جوڑے، ماموں اور بھانجی کی جان چلی گئی۔ پولیس تاحال دونوں لاشوں کی شناخت میں مصروف ہے۔ مرنے والوں میں زیادہ تر جیٹھواڑہ تھانہ علاقہ کے رہنے والے تھے۔ دوسری جانب واقعے کے بعد اہل خانہ میں کھلبلی مچ گئی ہے۔


Share: